190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلیں 18 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر
اہم پیش رفت، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامہ جاری کر دیا، وکلا کو دلائل کی تیاری کی مہلت مل گئی
190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلیں 18 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔ اس ضمن میں کیس کی آئندہ سماعت 18 نومبر کو ہو گی۔ عدالت کے دو رکنی بنچ نے اس حوالے سے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بنچ نے متعلقہ آفس کو ہدایت کی ہے کہ اپیلوں کے حوالے سے پیپر بکس کی تیاری 7 روز میں مکمل کی جائے۔ سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ جیل میں ملاقات کا دورانیہ کم ہونے اور مناسب ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے وہ تاحال دلائل تیار نہیں کر سکے، جس پر عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں توقع ظاہر کی ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ، جو کہ انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، جیل ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے اور خود کو صرف قانونی امور تک ہی محدود رکھیں گے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل عمران خان سے وکلا کی ملاقات کا بندوبست کرائیں گے جس کا دورانیہ 1 گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔
دوسری جانب پارٹی ذرائع کے مطابق جیل میں ہونے والی اس ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آئی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی نے ملک میں نئے صوبے بنائے جانے کی واضح حمایت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ یہ اقدام ملک کے مفاد میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی اور دیگر خواتین اسیران کی رہائی کے لیے فوری طور پر مذاکرات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پارلیمانی پارٹی کو اس حوالے سے باضابطہ مینڈیٹ دے دیا ہے۔