ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معاشی مستقبل اور معدنی ترقی کا کلیدی سنگ میل ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اہم ملاقات، بیرک مائننگ کارپوریشن کے وفد سے گفتگو، معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے پر اتفاق

November 13, 2026 · قومی
ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معاشی مستقبل اور معدنی ترقی کا کلیدی سنگ میل ہے، وزیراعظم شہباز شریف

ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معاشی مستقبل اور معدنی ترقی کا کلیدی سنگ میل ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا ایک اہم سنگِ میل اور ملکی معاشی مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ملک ہے، اور ان وسائل سے مؤثر انداز میں استفادہ کرکے بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں سے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، ہنرمندی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ مقامی نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی اور اردگرد کی آبادیوں کی ترقی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی معیار قائم کرے گی۔ اس موقع پر معدنی شعبے کی ترقی کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایک سازگار ماحول تشکیل دینے کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور کراچی و گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دریں اثنا، اسلام آباد میں جاری منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو براہِ راست فائدہ پہنچنا لازم ہے اور معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔