راولپنڈی، اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں گرفتار ملزم شوہر کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
تفتیشی عمل جاری، پولی گرافک ٹیسٹ ہوگا، عدالت نے 19 نومبر کو طلب کر لیا۔
راولپنڈی، اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں گرفتار ملزم شوہر کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
راولپنڈی میں اینکر پرسن ربیعہ احسن کے پراسرار قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں عدالت نے گرفتار ملزم شوہر کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ سینئر سول جج نصراللہ وٹو نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر سب انسپکٹر منتظر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم شوہر کا پولی گرافی ٹیسট تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے اور ملزم کا پولی گرافک فرانزک ٹیسٹ 16 نومبر کو ہونا ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 16 نومبر سوموار کو فرانزک کے لیے لاہور جانا ہے، اس لیے ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ دوسری جانب وکیل صفائی نے عدالت میں بیان دیا کہ انہیں جسمانی ریمانڈ پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کر کے ملزم کو 19 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ اور گرفتار شوہر احسن کے مابین تعلقات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی بھی باریک بینی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ اور ملزم کے درمیان ایک مرتبہ سیلون کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ دورانِ تفتیش ملزم احسن نے اپنی ازدواجی زندگی اور سیلون کے تنازع سے متعلق تفصیلی بیان دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2010 میں ربیعہ کے ساتھ پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں نے پہلے ایک نجی بینک اور بعد ازاں ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی میں ایک ساتھ ملازمت کی، جبکہ ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں بھی ملازمت مل گئی تھی۔
ملزم نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں دعویٰ کیا کہ کورونا کی وبا کے دوران ربیعہ نے اسلام آباد میں ایک سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں اس نے بھرپور ساتھ دیا۔ ملزم کے مطابق سیلون کی 2 ملازم خواتین کے باہمی تنازعے کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان عارضی ناراضگی پیدا ہوئی تھی، جہاں ایک ملازمہ نے دوسری کو نوکری سے نکلوانے کے لیے مبینہ طور پر تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس الزام کی سختی سے تردید کرنے اور ربیعہ کو یقین دلانے کے بعد ناراضگی ختم ہو گئی تھی اور اس واقعے کے علاوہ ان کی 16 سالہ ازدواجی زندگی میں کوئی بڑا تنازع نہیں رہا۔ ملزم نے مزید بتایا کہ وہ ربیعہ کے ساتھ روزانہ شام کو جم میں بیڈمنٹن کھیلنے جایا کرتا تھا اور ربیعہ ایک محنت کش اور پیشہ ور خاتون تھیں۔ دریں اثنا، پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ میاں بیوی کے موبائل فونز کے فرانزک تجزیے سے بھی ان کے درمیان مسلسل خراب تعلقات کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔