نجی زمین پر مزار بننے سے ملکیت اوقاف کی نہیں ہوتی، سپریم کورٹ کا فیصلہ
اہم قانونی فیصلہ، محکمہ اوقاف کی اپیل خارج، اراضی اصل مالک کے حوالے کرنے کا حکم
نجی زمین پر مزار بننے سے ملکیت اوقاف کی نہیں ہوتی، سپریم کورٹ کا فیصلہ
سپریم کورٹ نے محکمہ اوقاف کی جانب سے نجی زمین کا انتظام اور قبضہ سنبھالنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب کی اپیل خارج کر دی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس شاہد وحید کی جانب سے جاری کردہ 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی زمین کو وقف قرار دینے کے لیے اس کی مستقل وقفیت ثابت کرنا لازمی ہے، جبکہ محض زائرین کی آمد اور نذرانوں کی وصولی سے زمین کی ملکیت محکمہ اوقاف کو منتقل نہیں ہو جاتی۔
فیصلے کے متن کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی نجی زمین پر کسی عزیز کی قبر تعمیر کرتا ہے تو اس عمل سے زمین وقف نہیں ہو جاتی۔ اسی طرح کسی نجی زمین پر مزار قائم ہونے اور وہاں زائرین کی آمدورفت یا نذرانے جمع ہونے کو بھی زمین کی مستقل وقفیت کا ثبوت قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے قرار دیا کہ محکمہ اوقاف کسی نجی ملکیتی زمین کو مالک کی رضامندی کے بغیر اپنی تحویل میں لینے یا اس کا انتظام سنبھالنے کا مجاز نہیں ہے، اور زندہ وقف کنندہ کی رضامندی کے بغیر بھی محکمہ اراضی کا انتظام اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔
عدالت نے مزید وضاحت کی کہ کسی زمین کو وقف قرار دینے کا دعویٰ کرنے والے فریق پر اس کی مستقل وقفیت ثابت کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اور محض زمین کے ریونیو ریکارڈ میں دربار کا اندراج ہو جانا بھی اس بات کا ثبوت نہیں کہ زمین محکمہ اوقاف کی ملکیت ہے۔ تحریری فیصلے کے مطابق محکمہ اوقاف کی جانب سے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے اور نوٹس کی عدم تعمیل کے باعث زمین کا انتظام سنبھالنے سے متعلق نوٹیفکیشن کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔
سپریم کورٹ نے محکمہ اوقاف کا 19 نومبر 2003 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی اور بے اختیار قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے اور اس کی وجوہات میں مزید قانونی وضاحت بھی کی ہے۔ عدالت نے محکمہ اوقاف کو 5 کنال 3 مرلے اراضی اور اس پر قائم عمارتوں کا انتظام، کنٹرول اور قبضہ 30 روز کے اندر اصل مالک کو واپس کرنے کا سخت حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے متعلقہ ریونیو حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ محکمہ اوقاف کے مذکورہ نوٹیفکیشن کی بنیاد پر اراضی کے ریکارڈ میں کی گئی تمام تبدیلیاں فوری طور پر درست کی جائیں۔