بابا گورو نانک کے 557ویں پرکاش پورب کی مرکزی تقریب، حمزہ شہباز کی خصوصی شرکت
گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے نگر کیرتن برآمد،دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری شریک
بابا گورو نانک کے 557ویں پرکاش پورب کی مرکزی تقریب، حمزہ شہباز کی خصوصی شرکت
سری بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے 557ویں پرکاش پورب کی مرکزی تقریب ننکانہ صاحب میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف تھے۔
تقریب میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیشن سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید اور ڈی پی او ارسلان زاہد کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
بھارت، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ مہمانان خصوصی نے یاتریوں کو سری بابا گورو نانک دیو جی مہاراج کے پرکاش پورب کی مبارکباد پیش کی۔
مرکزی دعائیہ تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے نگر کیرتن اپنے مخصوص راستے پر روانہ ہوا۔ اہل اسلام کی جانب سے مذہبی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قائم کرتے ہوئے نگر کیرتن کے شرکاء کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا۔ دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے نگر کیرتن میں شرکت کی۔
حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نگر کیرتن کے موقع پر صفائی، پارکنگ اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔