کراچی عمارت حادثہ: ریسکیو آپریشن کئی دنوں تک چلنے کا خدشہ

عمارت میں 24 اپارٹمنٹس، ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال کا بھی شبہ ظاہر کردیا گیا

November 25, 2026 · قومی

کراچی عمارت حادثہ: ریسکیو آپریشن کئی دنوں تک چلنے کا خدشہ

کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی 6 منزلہ عمارت کا ریسکیو آپریشن کئی دن تک جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عہدیدار سرفراز شیخ کے مطابق عمارت جس انداز میں گری ہے، اس کے پیش نظر ریسکیو آپریشن گھنٹوں کے بجائے کئی دن تک جاری رہ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت میں مجموعی طور پر 24 اپارٹمنٹس تھے، جہاں بلڈر اور فلیٹ مالکان کی جانب سے مزدور، الیکٹریشن، پلمبر اور فالس سیلنگ کا کام کرنے والے افراد مصروف تھے۔

سرفراز شیخ کے مطابق مختلف ٹھیکیداروں کے تحت کام ہونے کے باعث عمارت میں موجود افراد کی حتمی تعداد معلوم نہیں ہوسکی، تاہم اندازے کے مطابق ملبے تلے 30 سے 40 افراد دبے ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر 7 سے 8 افراد زخمی حالت میں خود باہر نکلے، جبکہ ریسکیو اداروں نے دو زخمیوں اور دو لاشوں کو ملبے سے نکالا ہے۔

الخدمت عہدیدار کا کہنا تھا کہ عمارت سینڈوچ کی طرح گرنے کے باعث اندر موجود افراد کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہیں، تاہم ریسکیو 1122 کے ماہرین بھاری مشینری اور الخدمت کے رضاکار ملبے میں موجود راستوں سے متاثرہ افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عمارت گرنے کی وجوہات سے متعلق سرفراز شیخ نے کہا کہ بظاہر تعمیرات میں انتہائی ناقص میٹریل استعمال ہوتا نظر آ رہا ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی جائزہ لینا چاہیے کہ آیا عمارت منظور شدہ نقشے کے مطابق تعمیر کی گئی تھی یا نہیں۔