ایران نے جھوٹے الزامات پراسرائیلی وزیراعظم کوملعون قرار دے دیا

تہران:ایران نے اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے عائد خفیہ جوہری پروگرام کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے بن یامین نیتن یاہو کو ملعون قرار دے دیا ہے۔گزشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم نے دعویٰ کیا تھا اسرائیل کے پاس ہزاروں خفیہ جوہری فائلوں کے ثبوت ہیں کہ ایران خفیہ طور پر جوہری ہتھیار بنا رہاہے اور اس نے2015 میں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں اپنے جوہری مقاصد کے حوالے سے جھوٹ بولا تھا۔اسرائیلی وزیراعظم نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے ’پراجیکٹ عمد‘ کے نام سے خفیہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا پروگرام شروع کر رکھا ہے اور تہران نے 2003 میں اس منصوبے کو بند کرنے کے باوجود جوہری ہتھیاروں سے متعلق معلومات کا حصول جاری رکھا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام غصیمی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے الزامات فرسودہ، بیکار اور شرمناک ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی کہا کہ بن یامین نیتن یاہو کے الزامات ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے پر اثر انداز ہونے کے لئے ہیں کہ امریکا کو جوہری پروگرام سے علیحدہ ہو جانا چاہیئے۔جواد ظریف کا کہنا تھا کہ بن یامین نیتن یاہو کے الزامات پرانے ہیں اور ماضی میں بین الاقوامی اٹامک انرجی ایجنسی آئی اے ای اے اس حوالے سے تحقیقات بھی کر چکی ہے۔