سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ تھا اگر لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوجائے تو میرا نام بدل دینا ، لوڈشیڈنگ تو ختم نہیں ہوئی اس لیے اب ان کا نام ہی لوڈ شیڈنگ رکھا جائے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے قائدحزب اختلاف خورشید شاہ کا کہناتھاکہ حکومت نے یکم مئی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر مزدوروں کا مذاق اڑایا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا، حکومت اپنی کمزوریوں اور ناکام گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لےاور اضافے کا اعلان واپس لے۔ نگران وزیراعظم کےحوالے سے بات کرتےہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ نگران وزیراعظم کا نام فی الحال نہیں بتاؤں گا، نگران وزیراعظم پر سو فیصد اتفاق ہوگا لیکن نگران وزیراعظم کے لیے ابھی کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پیپلز پارٹی پر تنقید کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ الزام لگانا اور بات کرنا آسان ہوتا ہے، ایم کیو ایم سے پوچھا جائے کہ وہ گزشتہ 33 سال کے دوران نواز شریف، پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کے ساتھ رہے، اس دوران انہوں نے کیا کیا ہے۔