پی ٹی آئی کی جماعت اسلامی سے صوبائی حکومت نہ چھوڑنے کی درخواست

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں جماعت اسلامی کی جانب سے صوبائی حکومت سے علیحدگی کے فیصلے پربات کی گئی۔ملاقات میں پرویز خٹک نے سراج الحق سے صوبائی حکومت نہ چھوڑنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کے لیے 5 سالہ رفاقت ختم نہ کی جائے۔ذرائع نے بتایا کہ پرویز خٹک کی درخواست پر سراج الحق نے مؤقف اپنایا کہ سیاسی لحاظ سے دوبارہ متحدہ مجلس عمل بحال ہوچکی ہے، جماعت اسلامی ایم ایم اے کا حصہ ہے اس لیے حکومت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق سراج الحق نے پرویز خٹک کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت نہ چھوڑنے کا معاملہ ایم ایم اے کے سربراہی اجلاس میں قائدین کے سامنے رکھا جائے گا جس کے بعد فیصلے سے آگاہ کریں گے۔