شنگھائی میں رہنے والی ایک ایسی خاتون کی خوشیوں کا کوئی ٹھکانہ نظرنہیں آرہا ہے جو 26سال بعد اپنے باپ سے آملنے میں کامیاب رہی۔ تفصیلات کے مطابق یہ خاتون 6سال کی عمر میں خاتون ریلوے اسٹیشن پر گھر والوں سے الگ ہوگئی تھی۔ اس کے بعد مختلف جگہوں پر اس کی پرورش ہوئی اور جیسے جیسے بڑی ہوتی گئی اس نے اپنے والدین کی تلاش زیادہ شدت سے محسوس ہونے لگی اوراب ایساوقت آگیا تھا کہ وہ ان سے دوبارہ ملنے کی آرزو تقریباً ختم کرچکی تھی مگر قدرت کو جب ملانا ہوتا ہے تو طرح طرح کے انتظامات کرتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ 6سال کی عمر میں 1992ء میں شنگھائی ریلوے اسٹیشن پر گھر والوں سے بچھڑ گئی تھی۔ تین دن تک گلیوں میں ماری ماری پھرتی رہی اس کے بعد ایک کاشتکار نے اسے گود لے لیا۔ بیٹی کے گم ہونے کے بعد اس کی ماں کو اتنا غم ہوا کہ وہ اسی کے غم میں فوت ہوگئی تاہم مختلف فلاحی اداروں اور رضاکاروں کی مدد سے چن ہوئیہوئی نامی یہ عورت 22جنوری کو دوبارہ اپنے والد سے ملنے میں کامیاب رہی۔ ملاقات کے بعد خاتون کے باپ نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ بیٹی کو گلے لگایا اور کہا کہ میں تم سے شرمندہ ہوں کیونکہ تمہاری ٹھیک سے نگہداشت نہیں کرسکا ہوں۔ مقامی اخبار کا کہنا ہے کہ چن ہوئیہوئی اب خود ماں بن چکی ہے اور اب شاید ہی زندگی میں 1992ء کا وہ منحوس دن بھلا سکے جب وہ اپنے خاندان سے بچھڑی تھی۔