پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثناء چیمہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ فرانزک رپورٹ

پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، لڑکی کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی، پنجاب فرانزک لیبارٹری نے فرانزک رپورٹ جاری کر دی۔ثناچیمہ کو 18اپریل کوقتل کیا گیا تھا، اسے 19 اپریل کو اٹلی واپس جانا تھا۔ والد نے ثناچیمہ کی موت کو طبعی قرار دے کر دفن کر دیا تھا۔اس سے قبل ثناچیمہ کی پر اسرار موت کے خلاف ڈی پی او گجرات کے حکم پر تحقیقات شروع کی گئیں تو پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات معلوم ہوئی کہ مقتولہ کے والد غلام مصطفیٰ اس کی شادی رشتے داروں میں کرنا چاہتے تھے، مگر ثناء چاہتی تھی کہ اس کی شادی اٹلی میں ہو۔پولیس کے مطابق غلام مصطفیٰ نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنے بیٹے عدنان مصطفیٰ اور بھائی مظہر اقبال کے ساتھ مل کر اپنی بیٹی کو تشدد کرکے قتل کردیا۔ جس کے بعد قتل کے شبے میں ثناء کے والد، چچا اور بھائی کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کی جانب سے 25 اپریل کو ثناء چیمہ کی قبر کشائی کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا۔