ہمیں اپنے پڑوسی ملک کا امن عزیز ہے- مشیر قومی سلامتی امور

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے کہاکہ ہمیں اپنے پڑوسی ملک کا امن عزیز ہے،ہمارا افغانستان سے تعلق بڑا مضبوط ہے، افغانستان کے بچوں نے جنگ کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر جنجوعہ نے کہاکہ آج ہم پاکستان میں بیٹھ کر افعانستان کے امن پر بات کر رہے ہیں کیونکہ افغانستان ایشیا کا دل ہے اور ہمیں اس کا امن عزیز ہے۔انہوںنے کہاکہ جب سوویت یونین افغانستان میں آیا تو پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا ہوا۔ افعانستان میں خانہ جنگی نے دہشت گردی کو فروغ دیا جب کہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف دنیا کا ساتھ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا ہم پر الزام عائد کر رہا ہے کہ ہم طالبان کی حمایت کر رہے ہیں، طالبان ہم پر امریکا کی حمایت کا الزام عائد کر رہے ہیں، ہمیں نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان ملی جس سے ہم لڑ رہے ہیں۔بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں احساس محرومی تھا، ہم نے بلوچستان میں ان منتخب لوگوں سے جنگ کی جو ہم سے جنگ کر رہے تھے۔مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ بلوچستان میں یکجہتی کی کمی تھی جس سے احساس محرومی پیدا ہوا اور ہم بلوچستان میں مسائل کی جڑ کی بجائے رکاوٹ کے خلاف لڑ رہے تھے۔