کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ کراچی میں آپریشن کے بعد اسٹریٹ کرائم کی شرح کم ہوئی ہے، موجودہ حکومت نے کراچی کی روشنیاں بحال کیں ملک میں جمہوری حکومت نہ ہوتی تو اتنی ترقی نہیں ہوسکتی تھی، جمہوری حکومت ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔ملکی ترقی کے لئے جمہوری نظام کا تسلسل ناگزیر ہے۔ کراچی میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خوشی کی بات ہے ہر ہفتے ایک نئے منصوبے کا افتتاح کرتے ہیں،۔ ان کا کہنا تھاکہ آج کے ماحول میں فیصلے کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے، مشکلات کے باوجود حکومت نے بہت ترقیاتی کام کئے۔ حکومت نے گزشتہ 5 سال کےدوران بجلی کے متعدد منصوبے لگائے۔ اب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے نئے آئی ٹی پارک قائم کئےجائیں گے۔