کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے کرپشن کو ختم کریں گے اور ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔گلشن اقبال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کے لیے 10نکات کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ان نکات پر عمل کرانے کے لیے ہی کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب میں پانی نہیں ہے جس کی 2 وجوہات ہیں، ایک تو منصوبہ بندی نہیں ہوئی اور دوسرا یہاں پر مافیا بیٹھے ہوئے ہیں۔ہم کراچی کا انتظام بدلیں گے، میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے، تحریک انصاف میئر کے لیے ایسا آدمی لائے گی جسے ایڈمنسٹریشن کا تجربہ حاصل ہوگا، اس کے ساتھ پوری ٹیم ہوگئی جو ماہرین پر مشتمل ہوگی، اسے اختیارات دیں گے وہ کراچی کی ذمہ داری لے گا۔ آج کراچی کا میئر کہتا ہے کہ اس کے پاس ذمہ داری تو ہے لیکن اختیارات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق سے اختیارات صوبوں کو منتقل ہوئے لیکن صوبوں نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں دیے۔عمران خان نےکہا کہ وہ شہر میں نظام تعلیم کو بہتر کریں گے، سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنائیں گے تاکہ غریب کے بچوں کو بھی بہترین تعلیم ملے۔کراچی میں عالمی معیار کی یونیورسٹیاں تعمیر کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ کراچی میں صحت کا نظام بھی بہتر کریں گے اور سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ سب سے زیادہ شعور رکھتے ہیں، کراچی وہ شہر تھاجہاں کے لوگ ناانصافی کے خلاف سب سے پہلے کھڑے ہوتے تھے۔سارے پاکستان کے لوگ اس شہر میں بستے ہیں، کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے،جب کراچی کو چھینک آتی ہے تو پاکستان کو ٹھنڈ لگ جاتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ بڑی سوچ رکھے اور بڑے خواب دیکھیں۔عمران خان نے کہا کہ ایک شخص 30 سال سے برطانیہ میں بیٹھا ہے اور کہتا ہے کہ اسے مہاجروں کی فکر ہے، اسے مہاجروں کی فکر کیا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی جس کے رہنماؤں کے اربوں روپے ملک سے باہر ہیں وہ کہتی ہے سندھ کی حالت بہتر کرے گی، سندھ میں پانی نہیں ہے ، بچے بھوک سے مر رہے ہیں، اندرون سندھ دنیا کا سب سے غریب علاقہ بن چکا ہے۔عمران خان نے کہا کہ سندھ میں غریب رو رہا ہے، ان کا کوئی حال نہیں لیکن یہ دبئی میں محلات بنا رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، پاکستان میں سب سے پہلے کرپشن ختم کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نے کرپٹ افسران کو سزا دی اور جیل میں ڈالا، دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا ملک چین کرپشن پر سزائے موت دیتا ہے۔