اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ ( این آئی سی ایل) کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے این آئی سی ایل میں مبینہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔ جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم ایف آئی اے کے مقدمات میں عدالتوں سے ضمانت پر تھا تاہم مقدمات ایف آئی اے سے نیب منتقل ہونے پر ضمانت غیر مؤثر ہوگئی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر ایاز خان نیازی نیب عدالت سے ضمانت پر نہیں ہیں تو انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جبکہ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ احتساب عدالت 2 ماہ کے اندرقانونی ٹرائل مکمل کیا جائے۔ عدالت نے کرپشن کیس کے دوسرے کردار محسن حبیب وڑائچ کو بھی فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ عدالتی احکامات کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا۔