منی سوٹا: امریکی ریاست منی سوٹا کے ایک جنگل میں 2 سروں والا ایک نایاب ہرن مردہ حالت میں پایا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنگل میں مردہ حالت میں 2 سروں والا نایاب ہرن ملا جسے محکمہ قدرتی وسائل کے حوالے کردیا گیا۔ محکمہ قدرتی وسائل کے ڈاکٹر گینو دی کے مطابق امریکا میں سالانہ 10 ملین ہرنوں کی پیدائش ہوتی ہے لیکن 2 سروں والے اس ہرن کا ملنا ایک دلچسپ اور ایسا واقعہ ہے جو پہلے کبھی پیش نہیں آیا۔ ان کی تحقیق کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہرن کا یہ بچہ مردہ حالت ہی میں پیدا ہوا۔ لیبارٹری میں جب اس کے پھیپھڑوں کا ٹیسٹ کیا گیا تو پتہ چلا کہ ہرن کے اس بچے نے ایک بار بھی سانس نہیں لی۔ ہرن کے بچے کے سی ٹی اور ایم آر آئی ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ اس کے صرف 2 سر اور 2 گردن ہیں، اس کے علاوہ ریڑھ کی ہڈی سے لے کر تمام اعضاء مشترکہ ہیں۔ سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق جڑواں جانوروں کی پیدائش کے واقعات 1671 میں زیادہ سامنے آئے تھے، جب اس طرح کے 19 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔