نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کردیا

 

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اپنے متنازع بیان کے معاملے پر گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس کے بعد جاری اعلامیے کو غلط قرار دے کر مسترد کردیا۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ بڑا خوفناک اور بڑا تکلیف دہ ہے، میں اس اعلامیے کو مسترد کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی چھان بین کے لیے قومی کمیشن بننا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔سابق وزیراعظم نے سوال کیا کہ کون ہیں وہ لوگ جنہوں نے پاکستان کو اس نہج تک پہنچایا ہے؟کون ہیں وہ لوگ جو پاکستان کے تحفظ کی بات کرتے رہے؟ممبئی حملوں سے متعلق اپنے متنازع بیان پر غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی باتیں کرنے والے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اب فیصلہ ہوجانا چاہیے کہ کون محب وطن ہے اور کون غدار ہے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ میں صرف پاکستانی شہری نہیں، قوم نے مجھے وزیراعظم بھی بنایا، میں بہت کچھ جانتا ہوں۔