اسلام آباد: ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ جن والدین نے بچوں کی موسم گرما کی فیس جمع کرا دی ان کی فیس تعطیلات کے بعد آئندہ مہینوں کی فیس کی مد میں جمع کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی صدارت ہوئی۔ جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے استفسار کیا کہ فیسوں سے متعلق پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کیا کررہی ہے؟ پیرا کے ایڈووکیٹ راشد حنیف نے جواب دیا کہ سندھ، لاہور اور پشاور ہائی کورٹ نے موسم گرما کی فیسوں سے متعلق حکم امتناع جاری کیا ہوا ہے جبکہ سنگل رکنی بنچ نے پیرا کے اختیارات ختم کر دیئے تھے، اپیل زیر سماعت ہے۔ جس پر عدالت نے حکم دیا کہ جن والدین نے بچوں کی موسم گرما کی فیس جمع کرا دی ان کی فیس تعطیلات کے بعد آئندہ مہینوں کی فیس کی مد میں جمع کی جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کردی۔