کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ دوسرے صوبوں کے وسائل پنجاب پر خرچ کیے جارہے ہیں ۔کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی، افغانستان سے بڑی تعداد میں دہشت گرد یہاں آرہے تھے، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا مقصد دہشت گردوں کا راستہ روکنا تھا۔عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہم سوئے نہیں ہیں دہشت گردوں کو جہنم واصل کررہے ہیں، دہشت گردوں کی بہت سی کارروائیاں ناکام بنائی ہیں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بہت سے ملوث دہشت گرد گرفتار ہوئے ہیں، دہشت گردی کے خلاف ہماری فورسز سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں کے وسائل پنجاب پر خرچ کیے جارہے ہیں اور اپنی سیٹیں بچانے کے لئے پنجاب کو نوازا جاتا ہے، گزشتہ 4 سال سے این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا، ہمارے مطالبات پر مرکز کو افسوس تو ہوا مگر دیا کچھ نہیں، گڈانی سے وفاق کو پیسہ ملتا ہے مگر وہاں ایک سڑک تک نہیں ہے، حکمرانوں کے ووٹ بینک بڑھانے کی سیاست نے نفرت کی بیج بوئے ہیں۔