نیب لاہور نے نوازشریف کو رائے ونڈ روڈ سے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک کی غیر قانونی تعمیر اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں آج طلب کیا تھا تاہم نواز شریف پیش نہیں ہوئے۔نیب کی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم اتوار کو تعطیل ہونے کے باوجود نواز شریف کا انتظار کرتی رہی لیکن سابق وزیراعظم پیش نہ ہوئے۔ نواز شریف دوسری بار اس مقدمے میں طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے ہیں۔ اس سے قبل نیب نے انہیں 21 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وہ بیگم کلثوم نواز کے علاج کی غرض سے لندن میں موجودگی کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔نیب ذرائع کے مطابق نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر قانونی سڑک کی تعمیر کیخلاف سابق وزیراعظم کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے،ریفرنس رواں ماہ کے آخر تک دائر کیا جائے گا۔