سبیکا کی میت امریکا سے پاکستان روانہ کردی گئی

 

کراچی :ہوسٹن میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کی میت امریکا سے پاکستان روانہ کردی گئی،میت منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی پہنچے گی۔ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے والد کے مطابق سبیکا کی میت امریکا سے پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے روانہ ہوگئی ۔میت براستہ استنبول منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی پہنچے گی،سبیکا کے والد کے مطابق امریکا میں دھند ہونے کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی ہے،سبیکا کی کزن شہیرہ بھی میت کے ساتھ پاکستان واپس آئیں گی۔اس سے قبل سبیکا شیخ کی نماز جنازہ ہیوسٹن کے علاقے شوگر لینڈ کی مسجد حمزہ میں ادا کی گئی۔اس موقع پر ہونے والی دعائیہ تقریب میں ہیوسٹن کے میئر سلویسٹر ٹنر، شوگرلینڈ کے میئر جو زمرمین، ٹیکساس سے رکن کانگریس شیلا جیکسن اور ال گرین نے بھی شرکت کی ،جبکہ پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی سمیت خواتین کی بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئی۔