افغانستان کے صوبہ غزنی میں طالبان نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرکے پولیس سربراہ سمیت 14پولیس اہلکاروں کوہلاک کردیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ (میڈیا) کے مطابق طالبان نے حملہ پیر کی رات گئے کیا جس کی تصدیق منگل کے روز ہوئی ہے۔طالبان کے حملوں کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس چیف اور ریزرو یونٹ کے کمانڈر سمیت 14 افسران و اہلکار ہلاک ہوگئے۔صوبائی کونسل ممبر حسن رضا یوسفی کے مطابق پولیس کے 7 افسران ضلع ڈی یاک میں ہلاک ہوئے جن میں پولیس چیف فیض اللہ طوفان اور ریزرو یونٹ کے کمانڈر حاجی برکت شامل ہیں۔صوبائی ترجمان عارف نوری کے مطابق طالبان کے حملوں میں ضلع جگاتو اور ڈی یاک میں 12 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ضلع ڈی یاک میں پولیس ہیڈکوارٹر پر حملے کے دوران متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنالیا گیا ہے۔