لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر و وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف نیب میں زیر تفتیش بدعنوانی کے 2 مقدمات میں مسلسل تیسری بار غیر حاضر رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بیرون ملک جاچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 3 مئی کو نیب کے لاہور آفس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے بجائے عمران علی یوسف لندن چلے گئے اس کے بعد وہ 7 اور 21 مئی کو پیش نہیں ہوئے۔ جس سے یہ تاثر ظاہر ہوتا ہے کہ وہ نیب کی تحقیقات میں شامل ہونے سے گریزہ ہیں۔ واضح رہے کہ شہباز شریف کے داماد کے خلاف پنجاب صاف پانی کمیشن اور پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کی تفتیش جاری ہے۔ عمران علی یوسف آخری بار 24 اپریل کو نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے اور 3 مئی تک کا وقت مانگا تھا جس کے بعد یہ 3 مئی، 7 اور 21 مئی کو نیب میں پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی پوچھے گئے سوالات کے جواب جمع کرائے جبکہ انہوں نے اس ضمن میں کوئی دستاویزات یا ریکارڈ بھی پیش نہیں کئے۔