ٹیکساس فائرنگ میں جاں بحق سبیکا شیخ کو سپردخاک کردیا گیا

کراچی: امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سبیکا کا نماز جنازہ گلشن اقبال میں واقعہ حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کیا گیا، جس کے بعد سبیکا شیخ کو شاہ فیصل کالونی کے قبرستان عظیم پورہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ محمد زبیر، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سعید غنی، ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنما عامر خان، پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال، جماعت اسلامی کے رہنما و دیگر سیاسی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔ سبیکا شیخ کی میت ترکش ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے صبح 4 بجے کراچی پہنچی تھی۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تعینات ایئر پورٹ سیکورٹی فورسز کے دستے نے سبیکا شیخ کی میت کو سلامی دی۔ اس موقع پر امریکی قونصل جنرل جون وارنر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا بھی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے۔ واضح رہے گزشتہ روز امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹیل نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر نے آرمی چیف سے گفتگو میں ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعے میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ جنرل جوزف نے معصوم جان کے ضیاع پر سوگوار خاندان سے اظہارافسوس کیا۔ واضح رہے کہ کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لئے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔ سبیکا شیخ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں 18 مئی بروز جمعہ کو اسکول کے ہی ایک طالب علم کی فائرنگ سے وہ چل بسیں۔ جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔