آئندہ انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم کا مسودہ جاری

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم کا مسودہ جاری کردیا ہے۔ مسودے میں حلقے کے تناظرسے پولنگ اسٹیشنزاور پولنگ بوتھ کی تفصیلات درج ہیں ۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کس پولنگ اسٹیشن میں کتنے ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

اس مسودے میں سندھ پنجاب ، بلوچستان ،خیبرپختوںخوا اورفاٹا کی پولنگ اسکیم سے متعلق تمام معلومات درج ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 86 ہزار436 پولنگ اسٹیشن قائم کئےجائیں گے ان میں 48 ہزار 667 پنجاب میں ، 18 ہزار 647 سندھ میں ، 4 ہزار 467 بلوچستان میں  جبکہ خیبرپختونخوا اورفاٹا میں 14 ہزار 655 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہورہی ہے ۔۔ الیکشن کمیشن نے حکومت سے 25 جولائی سے 27 جولائی کے دوران ملک بھر میں الیکشن کرانے کی سفارش کی ہے ۔