الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی حتمی فہرستیں جاری کردیں

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لئے ووٹرزکی حتمی فہرستیں جاری کردی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرزکی کل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار407 ہوگئی ہے۔ ان میں مرد ووٹرزکی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار262  ہے جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ67 لاکھ 31 ہزار145 ہے۔ اس طرح ملک میں مرد رجسٹرڈ ووٹرز 55.9 فیصد جبکہ خواتین رجسٹرڈ ووٹرز44.1 فیصد ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی انتخابی فہرستیں ردوبدل کے بعد جاری کی گئی ہیں۔ انتخابی فہرستوں کے مطابق پنجاب میں ووٹرز کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جواب بڑھ کر6 کروڑ6 لاکھ 72 ہزار868 ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں 2 کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار244 ہے۔ خیبرپختونخوا میں ووٹرزکی تعداد ایک کروڑ53 لاکھ 16 ہزار299 جبکہ بلوچستان میں 42 لاکھ 99 ہزار494 ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میں ووٹرزکی کل تعداد 7 لاکھ 65 ہزار348 جبکہ فاٹا میں 25 لاکھ 10 ہزار 154 ہے۔ اس طرح 2013 کے الیکشن کے مقابلے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں تقریباً 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

الیکشن کمیشن کےمطابق ماضی میں48 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جاتا رہا ہے لیکن آئندہ عام انتخابات کے شیڈول میں 7 روز زیادہ دیئے جائیں گے۔