عدالت نے آغا سراج کے خلاف ریفرنس کا ٹرائل تیزکرنے کا حکم دیدیا۔فائل فوٹو
عدالت نے آغا سراج کے خلاف ریفرنس کا ٹرائل تیزکرنے کا حکم دیدیا۔فائل فوٹو

سراج درانی کے گھر چھاپے -سونا ملنے کی ویڈیو بھارت کی نکلی

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر پر نیب کے چھاپے اور اربوں روپے کا سونا برآمد ہونے کی خبریں جھوٹ ثابت ہوئی ہیں جبکہ اس حوالے سے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو بھی جعلی نکلی ہے۔

بدھ کو سوشل میڈیا پر یہ خبر گرم رہی کہ نیب نے صبح 10 بجے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور اس دوران 9 ارب روپے کا سونا برآمد ہوا۔ اس خبر کے ساتھ ایک ویڈیو بھی ثبوت کے طور پر منسلک کی گئی جس میں ایک شخص سفید پیکٹوں میں موجود بڑی مقدار میں سونا نکال نکال کر دکھا رہا ہے۔ یہ سونا دو سوٹ کیسوں میں موجود ہے۔

تاہم ’’امت‘‘کے شعبہ تازہ ترین کی تحقیق کے دوران یہ ویڈیو جعلی ثابت ہوئی۔ اس دوران یہ بھی معلوم ہوگیا کہ ویڈیو پھیلانے میں کم ازکم جزوی طور پر کس عناصر نے کردار ادا کیا۔

ویڈیو پھیلنے کے بعد نیب کے ایک ترجمان نے بھی اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر پر نیب کے چھاپے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بے بنیاد اور من گھڑت خبر ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

’’امت‘‘ کی تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ جو ویڈیو آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپے کی بنا کر شیئر کی جا رہی ہے وہ نومبر 2017 میں بھارت سے بعض صارفین نے یو ٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی اور اس کے ساتھ دعویٰ تھا کہ یہ ویڈیو تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للیتا کی قریبی ساتھی سسی کلا کے گھر چھاپے کی ہے۔ سسی کلا کے حامیوں نے اس ویڈیو اور چھاپے میں مبینہ طور پر برآمد سامان کی تصاویر کو جھوٹ قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ وہی سسی کلا ہیں جن کے بارے میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹوئیٹ دسمبر 2017 میں ٹوئیٹ کی تھی کہ بھارت میں ایک خاتون سیاستدان شسی کلا مر گئی ہے اور اس کے گھر کے نیچے سے سونے کا ذخیرہ، زیورات اور غیرقانونی طور پر چھپائی گئی رقم برآمد ہوئی ہے۔ عمران خان نے لکھا تھا کہ یہ تمام کرپٹ رہنمائوں کے لیے پیغام ہے۔

تاہم اس وقت سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نشاندہی کی تھی کہ سسی کلا زندہ اور جیل میں ہے۔ صادق بٹ نامی ایک ٹوئیٹر صارف نے عمران خان کو یہ بھی بتایا تھا کہ حقیقت میں پچھلے برس موت جے للیتا کی ہوئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عمران نے سسی کلا سے متعلق ٹوئیٹ میں جو تصاویر لگائیں وہ بھی جعلی تھیں۔ یہ تصاویر بھارت کے محکمہ انکم ٹیکس نے دہلی میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران بنائی تھیں۔

عمران خان کی دسمبر 2017 کی ٹوئیٹ پر ایک سوشل میڈیا صارف کا جواب

سوشل میڈیا پر جعلی خبریں اور افواہیں پھیلانے کے سلسلے میں ان دنوں تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ن) کی سوشل میڈیا ٹیموں کے کارکن بدنام قرار دیئے جاتے ہیں۔ لیکن سراج درانی سے منسوب جعلی ویڈیو پھیلانے میں کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سسی کلا سے متعلق نومبر 2017 میں یو ٹیوب پر اپ لوڈ ہونے والی ویڈیو یہاں پر دیکھی جا سکتی ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=Wrr7LCNEMiE

ڈاکٹر شاہد مسعود کے دعوے

یہ پہلا موقع نہیں کہ آغا سراج درانی کے قبضے سے بھاری مقدار میں سونا برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہو۔ اگست 2015 میں بڑے بڑے ’’انکشافات‘‘ کیلئے  مشہور ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا تھا کہ گڑھی یاسین میں ایک چھاپے کے دوران زمین سے 200 کلوگرام سونا برآمد ہوا ہے جو سراج درانی کا ہے۔ ڈاکٹر شاہد مسعود ان دنوں اپنے انکشافات سے تائب ہوچکے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کے خلاف اس قسم کے دعوئوں پر لوگوں کے فوری یقین کرنے کی ایک وجہ نیب کی پی پی کے خلاف جاری تحقیقات اور اس جماعت پر لگائے جانے والے کرپشن کے الزامات ہیں۔