شاہدخاقان اورخورشیدشاہ کی ملاقات منسوخ،نگراں وزیراعظم کا معاملہ لٹک گیا

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم کے نام کے معاملے پروزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے اورمعاملہ مزید تعطل کا شکارہوگیا ہے جبکہ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اب اس معاملے پرشاہد خاقان عباسی سے کوئی ملاقات نہیں ہوگی۔ خورشید شاہ کے مطابق  شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے ناموں کے معاملے پراپنی بات سے پھرگئے ہیں ، اب ان سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پرملاقات نہیں ہوگی، ہمیں کہا گیا کہ ججز کو نگراں وزیراعظم کے نام میں شامل نہیں کیا جائے گا، ہم ججز کے نام دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دئیے، اب ہوسکتا ہے پارٹی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے لئے 2 نام اسپیکرقومی اسمبلی کو بھجوادوں، پیپلزپارٹی کی طرف سے نوید قمر اورشیری رحمان پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔