کراچی : سندھ ہائیکورٹ میں دو رکنی بینچ کے سامنے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے اقامہ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جس کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے اقامے سے متعلق وفاقی حکومت، چیف الیکشن کمشنر، سہیل انور سیال و دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جون تک جواب طلب کرلیاہے۔درخواست گزار اللہ بخش امڑ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سہیل انور سیال نے اقامہ حاصل کیا لیکن سیاسی گوشواروں کی تفصیلات میں اس کا ذکر نہیں کیا۔ان کے پاس 2014 سے متحدہ عرب امارات کا اقامہ ہے ۔ لہذا استدعا ہے کہ سہيل انور سيال صادق اور امين نہیں رہے، انہیں نااہل قرار ديا جائے۔سماعت کے دوران سرکاری وکیل شبیر شاہ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست بھی غیر موثر ہو جائے گی کیونکہ 28 مئی کے بعد سہیل انور سیال کے پاس پبلک آفس نہیں ہوگا۔