سری لنکا میں ’وکٹ فکسنگ‘ کی سازش بے نقاب

کرکٹ میں کرپشن کا ایک اور اسکینڈل منظر عام پر آگیا۔ سری لنکا میں ’وکٹ فکسنگ‘ کی سازش بے نقاب ہوگئی
برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ گال اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف نے سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان رواں برس 6 نومبر کو ہونے والے میچ کے لئے وکٹ فکسنگ کی یقین دہانی کروائی۔ اس سازش میں سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس اور گال اسٹیڈیم کا اسسٹنٹ مینیجر تھرانگا اندیکا شامل ہے۔
اس سازش کو بے نقاب کرنے کے لئے عرب ٹی وی کے رپورٹر نے بزنس مین کا روپ لے کر اسٹاف سے ملاقات کی، اور خفیہ طور پر اس بات چیت کی ویڈیو ریکارڈ کرلی۔
رپورٹر نے پوچھا کہ کیا ٹیسٹ میچ 4 دن میں ختم ہوجائے گا؟ جس پر وکٹ فکسر تھرانگا اندیکا نے رپورٹر کو جواب دیا، چار دن کیا، ڈھائی دن میں ہی ختم کردیں گے۔
اس آپریشن کے دوران مذکورہ وکٹ فکسر نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کی وکٹ کو بھی’فکس‘ کرنےکا اعتراف کیا۔
برطانوی اخبار کی مکمل رپورٹ آج نشر ہوگی جبکہ عرب ٹی وی چینل پر اس حوالے سے ڈاکیومینٹری کل نشر کی جائے گی۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مکمل طور پر منظر عام پر آنے کے بعد معاملےکی تحقیقات کی جائے گی۔