نقیب قتل کیس، 12 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب قتل کیس میں سابق ایس ایچ اوامان اللہ مروت سمیت 12 مفرورملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ملزم راؤ انوار کو بغیر ہتھکڑی کے عدالت میں لایا گیا۔
سماعت پر نقیب اللہ کے والد نے درخواست کی کہ وہ ہرسماعت پر شمالی وزیر ستان سے کراچی نہیں پہنچ سکتے اس لئے اب ندیم ایڈووکیٹ اس کیس میں میری نمائندگی کریں گے۔ عدالت نے نقیب کے والد کی استدعا منظورکرلی۔ جبکہ عدالت نے نذیر بھنگوارکو وکیل استغاثہ مقرر کردیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان کی جانب سے ڈی ایس پی اختر جواد عدالت میں حاضر ہوئے اور کیس میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کی، جس پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا اورآئندہ سماعت پرتفتیشی افسرکی حاضری کو ہرصورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ عدالت نے سابق ایس ایچ اوامان اللہ مروت سمیت 12 مفرورملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔