راولپنڈی:متنازعہ کتاب’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ لکھنے والے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی سے جی ایچ کیو میں وضاحت طلب کئے جانے کے بعد ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئےمجاز اٹھارٹی سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے کارروائی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکریٹری داخلہ نے اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کردی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق معاملے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے جس کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کریں گے ۔ یاد رہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کو متنازعہ کتاب پر وضاحت طلب کرنے کیلئے جی ایچ کیو طلب کیا گیا تھا ۔ کتاب ’’دا اسپائی کرونیکلز‘‘ بھارت میں شائع ہوئی تھی جس میں ان سے منسوب اقتباسات ہیں جس پر انھیں پاک فوج کی جانب سے وضاحت کے لئے جی ایچ کیو طلب کیا گیا تھا ۔
واضح رہے کہ 25 مئی کو ڈائریکٹرجنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پراپنے پیغام میں بتایا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اسد درانی کو 28 مئی کو جی ایچ کیو طلب کیا جارہا ہے، جہاں وہ بتائیں گے کہ ان کی کتاب میں ان سے منسوب باتیں درست ہیں یا نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ تمام حاضراورریٹائرڈ فوجیوں پرلاگو ہوتا ہے اور کتاب میں اسد درانی سے منسوب خیالات اس کی خلاف ورزی ہے۔