نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت انکوائری کی جائے-عوامی تحریک

 

لاہور :نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت انکوائری کی جائے، عوامی تحریک نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے نوازشریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کر رکھی تھی،خرم نواز گنڈا پور کی درخواست پرلاہور ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو 13مئی 2018 کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ آرٹیکل 6 کے تحت نواز شریف کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کریں۔لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی احکامات جاری کئے کہ اس بابت وزارت داخلہ درخواست گزار خرم نواز گنڈا پور کو بھی آگاہ کرے،تاہم وزارت داخلہ نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر کوئی رسپانس نہیں دیا۔

عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں خرم نواز گنڈا پور نے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے کہ وزارت داخلہ نواز شریف کے خلاف فوری طور پر آرٹیکل 6 کے تحت انکوائری کا آغاز کرے،بصورت دیگر توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے ۔خرم نواز گنڈا پور نے وزارت داخلہ کے نام اپنے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ نواز شریف کا نیشنل سیکورٹی کونسل کے اعلامیہ کو رد کرنا بھی ملک سے غداری ہے ان کے اس عمل سے بھی ان پر ملک سے غداری ثابت ہو چکی ہے۔
دریں اثنا خرم نواز گنڈا پور نے عوامی لائرز ونگ کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم سے وعدہ ہے کہ وقت کے میر جعفر اور میر صادق خاندان کو انکے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ،3 بار ملک کا وزیر اعظم رہنے والا نا اہل اور کرپٹ شخص پاکستان کے خلاف دشمن ملک کا سلطانی گواہ بن کر مادر وطن سے غداری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ غدار وطن کو گردن سے پکڑ کر ایسی کڑی سزا دی جائے کہ یہ شخص دوسروں کیلئے نشان عبرت بن جائے۔انہوں نے کہا کہ غدار کو سزا مل گئی تو نا اہل کا ساتھ دینے والوں کی بھی آنکھیں کھل جائینگی۔عوامی تحریک غدار وطن کو سزا ملنے تک قانونی جنگ لڑے گی اور غیر ملکی قوتوں کے نمک خوار کو سزا دلوا کر رہے گی۔