کل رات 12 بجے وفاقی کابینہ تحلیل اورحکومت ختم ہوجائے گی

اسلام آباد:وفاقی کابینہ کل رات 12 بجے تحلیل اور وفاقی حکومت ختم ہوجائے گی ۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ مسلسل دوسری جمہوری حکومت آئینی مدت مکمل کرے گی جس کے تحت جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب وزیراعظم اپنے عہدے سے سبکدوش اوران کی کابینہ تحلیل ہوجائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل وفاقی کابینہ کا الوادعی اجلاس بلا کرارکان سے اظہارتہنیت کریں گے، وزیراعظم کل اپنے آفس کے افسران اورعملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم کو چیف ایگزیکٹوآفس سے روانگی پرمسلح افواج کے دستے سلامی دیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیراعظم ہاؤس میں نہیں بلکہ ذاتی رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔

واضح رہےکہ ملک میں موجودہ حکومت کی مدت مکمل پوری ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا انتخاب کرلیا گیا ہے جس کے لئے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس (ر) ناصر الملک کو نامزد کیا گیا ہے۔