فیس بک نوجوانوں میں تیزی سے مقبولیت کھونے لگی۔رپورٹ

سماجی ربطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کے بارے میں امریکی تحقیقاتی ادارے کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہو اہے کہ نوجوانوں میں اس کی مقبولیت کم ہوتی جا رہی ہے اور وہ اس سائٹ کو چھوڑ کر دوسری سائٹس استعمال کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں کی گئی حالیہ تحقیق میں حیران کُن انکشاف اُس وقت سامنے آیا کہ جب سوشل میڈیا استعمال کرنے کے حوالے سے اعداد و شمار کی رپورٹ مرتب کی گئی۔
تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ 2015ء کے مقابلے میں فیس بک کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے اور نوجوانوں میں فیس بک کو ترک کر کے سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس کو استعمال کرنے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ نوجوانوں کی اولین پسند فیس بک کے بجائے اب یوٹیوب، انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ ہیں۔

تحقیق میں انکشاف ہوا کہ سن 2015 کے مقابلے میں نوجوان فیس بک استعمال کرنے میں عدم دلچپسی ظاہر کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب اُن کی تعداد میں 20 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی۔
نجی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ سروے رپورٹ کے مطابق تین سال کے تقابلی جائزے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فیس بک پر نوجوان صارفین کی تعداد 71 فیصد سے کم ہوکر 51 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ سوشل میڈیا کی دیگر ایپس انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کی مقبولیت میں بالترتیب 72 اور 69 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق 12 سال سے 17 برس کی عمر کے صارفین جن میں لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں انہوں نے فیس بک کا استعمال ڈیٹا لیک ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر چھوڑا جبکہ یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے میں اُن کی دلچسپی خاصی حد تک بڑھ گئی۔
تحقیقاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر نوجوانوں کی بڑی تعداد اتنی ہی تیزی کے ساتھ فیس بک کو خیرباد کہتی رہی تو ایک برس بعد سوشل میڈیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ کے 20 لاکھ سے زائد صارفین کم ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ تحقیقاتی رپورٹ صرف امریکا کے نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے، ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے بعد فیس بک کو جن الزامات کا سامنا کرنا پڑا اور اُس کے بانی نے خود بھی صارفین کے ڈیٹا کے استعمال کا انکشاف کی اُس کے بعد لوگوں نے اس فارم پر اعتبار کرنا چھوڑ دیا ہے۔