نگراں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

اسلام آباد: نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی 6 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران کابینہ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، اس موقع پر سبکدوش پارلیمنٹ کے معزز اراکین، مسلح افواج کے سربراہان، ججز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
صدر مملکت ممنون حسین نے نگران کابینہ سے حلف لیا جب کہ کابینہ میں شامل اراکین میں شمشاد اختر ، عبداللہ حسین ہارون، روشن خورشید برونچا، اعظم خان، سید علی ظفر اور محمد یوسف شیخ شامل ہیں۔

نگراں کابینہ کے ارکان کو وزارتوں کے قلمندان سونپ دیئے گئے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عبداللہ حسین ہارون کو وزارت خارجہ اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا قلمدان دیا گیا جب کہ وزارت دفاع و دفاعی پیداوار کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہوگا۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارت خزانہ، شماریات اور وزارت منصوبہ بندی کا قلمدان دیا گیا ہے، اس کے ساتھ وزارت تجارت اور وزارت انڈسٹریز و پیدوار کا اضافی چارج بھی ڈاکٹر شمشاد اختر کے پاس ہوگا۔

اعظم خان کو وزارت داخلہ، وزارت کیڈ اور وزارت نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان دیا گیا ہے اور ان کے پاس وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اضافی چارج بھی ہوگا۔

کابینہ میں شامل سید علی ظفر کو وزارت قانون و انصاف، وزارت پارلیمانی امور اور وزارت اطلاعات کا قلمدان دیا گیا ہے۔

یوسف شیخ کو وزارت وفاقی تعلیم پروفیشنل ٹریننگ کا چارج دیا گیا ہے جب کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور وزارت مذہبی امور کا اضافی چارج بھی اُن کے پاس ہوگا۔

روشن خورشید بروچہ کو وزارت انسانی حقوق، کشمیر و گلگت بلتستان امور اور وزارت سیفران کا قلمدان دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے یکم جون کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا جو 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات 2018 کے انعقاد کے پابند ہیں۔