اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی نیب ریفرنسز میں حتمی دلائل ایک ہی بار سننے کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ جس کے دوران نواز شریف کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی۔
نوازشریف کی طرف سے دائردرخواست میں تینوں ریفرنسز میں حتمی دلائل ایک ہی بار سنے جا نے کی استدعا کی گئی تھی۔
نوازشریف کے معاون وکیل سعدہاشمی کے مطابق تمام ریفرنسز میں جےآئی ٹی رپورٹ کےیکساں والیم پیش کیےگئے،نیب کی یہ بات درست نہیں کہ تمام ریفرنسز کےحقائق مختلف ہیں۔
معاون وکیل کے مطابق مرکزی گواہ واجدضیاسمیت بعض گواہان بھی مشترک ہیں،نیب والےہرریفرنس میں گلف اسٹیل ملز،قطری خط لائےہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ دیگر2ریفرنسزمیں واجدضیا اورتفتیشی افسر کےبیانات مکمل ہونےتک حتمی دلائل موخر کیے جائیں۔
عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس فیصلےکےخلاف ہائیکورٹ چلے جائیں۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آج پراسیکیوشن سے حتمی دلائل طلب کیے تھے جب کہ گزشتہ روز عدالت نے ریفرنس کی جلد تکمیل کا بھی عندیہ دیا تھا۔