پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب کے خلاف ملتان میں سول جج کی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار غلام مصطفیٰ نے عدالت سے استدعا کی کہ کتاب کی اشاعت مبینہ طور پر حقائق کے خلاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی شخصیت کو تباہ کرنے کے لیے کتاب پبلش کی گئی۔
درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے کردار پر کیچڑ اچھال کر الیکشن سبوتاز کیے جانے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کتاب غیرملکی ایجنڈے پر منبی ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کے وقت کتاب کی رونمائی کو روکا جائے۔
درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ سابق سفیر حسین حقانی مسلم لیگ (ن) کی مدد سے کتاب کے ذریعے اداروں کے وقار کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
ملتان کے سول جج نے دائر درخواست پرمختصر سماعت کرتے ہوئے ریحام خان، حسین حقانی اور پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے 9 جون کو جواب طلب کرلیا۔