فیوگو نامی آتش فشاں پھٹنے سے 69 افراد جاں بحق

ال روڈیو: میکسیکو کے جنوب میں واقع لاطینی امریکی ملک گوئٹے مالا میں فیوگو نامی آتش فشاں پھٹنے سے تباہی پھیل گئی اور 69 افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گوئٹے مالا میں 1974 کے بعد سے اب تک آتش فشاں پھٹنے کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے، فیوگو نامی یہ آتش فشاں رواں برس دوسری مرتبہ پھٹا۔ جس کے نتیجے میں آتش فشاں سے پتھریلے لاوے کا اخراج ہوا۔
آتش فشاں کے لاوے نے اِل روڈیو نامی گاؤں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا اور گھروں میں موجود لوگوں کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہیں آتش فشاں پھٹنے کا علم نہیں ہوا، اس وقت زیادہ تر افراد گھروں میں موجود تھے، جس کے باعث تیزی سے بہتے لاوے میں پھنس کر 69 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ اموات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاوا تقریباً 12 کلومیٹر دائرے کے علاقے میں پھیل گیا، جبکہ فضا میں 10 کلومیٹر کی بلندی تک راکھ اڑتی ہوئی دیکھی گئی۔
آتش فشاں پھٹنے کے بعد امدادی رضاکار بھاری مشینری کی مدد سے متاثرین اور زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اس ضمن میں امدادی رضاکاروں کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاشیں مکمل طور پر راکھ اور لاوے کی تہہ سے ڈھکی ہوئی مجسمے کی صورت اختیارکر چکی ہیں۔ جبکہ آتش فشاں سے نکلنے والی شدید گرم اور زہریلی گیسوں کے باعث دم گھٹنے سے بھی اموات واقع ہوئیںہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق آتش فشاں پھٹنے سے صرف سان میگوئیل لاس لاٹیس کے علاقے سے 18 لاشیں ملیں ہیں۔ جبکہ ایک اندازے کے مطابق اس تباہ کاری سے تقریباً 20 لاکھ لوگ متاثر ہوئے۔