لاہور: دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے آئندہ انتخابات کے لئے 12 نکاتی منشور کا اعلان کردیا، منشور میں نظام مصطفیٰ کے نفاذ اور اسلامی دفعات کے تحفظ کو ترجیح حاصل ہے،منشور میں ملک میں باوقار اور آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
منشور میں بااختیار وآزاد عدلیہ کا قیام، اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم، نئے ڈیمزکی تعمیر اور بجلی کا مؤثر نظام کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
منشور میں چھوٹی صنعتوں کا فروغ، کسان، مزدوروں کے لئے سودمند پالیسی، تحصیل وضلعی سطح پراپ گریڈیشن، پانچ مہلک بیماریوں کے مفت علاج کی فراہمی شامل ہے،منشور میں بھارت کی آبی جارحیت کا مؤثر تدارک اور سی پیک میں مقامی آبادی کے روزگار اور انفرااسٹرکچر کو ترجیح دی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین میں تمام اسلامی دفعات کاتحفظ ضروری ہے، آئین کی دفعات پر حملے ہوتے رہے ہیں، ہمارا مقصد بااختیار،آزادعدلیہ، تعلیم،صحت،روزگار کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ایم ایم کی قیادت کے مطابق اقتدار میں آ کر تعلیم اور روزگارکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، ساتھ ہی غیرضروری ٹیکسز کا خاتمہ کیاجائے گا، ضروریات زندگی کی قیمتوں میں کمی لائی جائے گی۔