اسلام آباد:چیف جسٹس نے نیب کو نندی پورپاور پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران سیکریٹری توانائی اوردیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نندی پور پاور پروجیکٹ ابھی تک کیوں نہیں بنا ؟ پراجیکٹ کی فائل وزارت قانون میں کتناعرصہ رہی؟ پراجیکٹ میں جو فراڈ ہوا وہ دیکھنا چاہتا ہوں۔
سیکریٹری توانائی نے عدالت کو بتایا کہ 525 میگاواٹ کے لیے 2005 میں نندی پور پاور پراجیکٹ بنا، 22 بلین کا منصوبہ 58 بلین تک جا پہنچا ۔
عدالت نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے متعلق جسٹس جعفری کی رپورٹ موجود ہے، پراجیکٹ میں کرپشن کے معاملے کو دیکھیں گے۔
سپریم کورٹ نے جسٹس جعفری رپورٹ کی روشنی میں نیب کو نندی پور پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔
واضح رہےکہ نندی پور پاور پراجیکٹ پنجاب میں گزشتہ دور حکومت میں تعمیر کیا گیا تھا جس کے ذریعے 525 میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے منصوبے میں کرپشن کے الزمات عائد کئے گئے تھے۔