اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت خطے کو ہتھیاروں کی دوڑ میں جھونک رہا ہے اور پاکستان کو بھی تیاررہنا پڑے گا۔
دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بھارت نے7 کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ احتجاج کے دوران ایک جوان پر فوجی جیپ چڑھا دی گئی ۔
انھوں نے بتایا کہ سرینگر میں بھارتی حکام نے انٹرنیٹ سروسز بھی بند کر دی ہے، پاکستان شبیراحمد شاہ اورآسیہ اندرابی سمیت سیکڑوں حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پربلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بھارت خطے کو ہتھیاروں کی دوڑ میں جھونک رہا ہے، پاکستان کو بھی تیار رہنا پڑے گا، پاک فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، پاکستان معاملات پُرامن طور پر حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن بھارت نہیں چاہتا تو ہم بھی تیار ہیں۔
بھارت کی آبی دہشتگردی سے متعلق سوال پرترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ ہماری شہہ رگ ہے، کشن گنگا ڈیم پرذمہ داری عالمی بینک کی ہے۔
عام انتخابات سے متعلق سوال پرترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات آزادانہ اور شفاف ہوں گے، انتخابات کے حوالے سے عالمی برادری کا ردعمل مثبت ہے۔
ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ صدر مملکت 9 جون کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لئے چین کا دورہ کریں گے، اس دوران وہ چین کے صدر اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے ریحام خان کی کتاب پر تبصرے سے گریزکرتے ہوئے کہا کہ ہم کتابوں پر تبصرہ نہیں کرتے، یہ آزاد سوسائٹی ہے، سب کو اظہارکی اجازت ہے۔