فاٹا میں پولیٹیکل ایجنٹ کا عہدہ تبدیل،ڈپٹی کمشنربنادیا گیا

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے آئین کے ایکٹ 2018 25 ویں ترمیم کے تحت وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ فاٹا میں پولیٹیکل ایجنٹ کا عہدہ ڈپٹی کمشنر میں تبدیل کردیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ داخلہ وقبائلی امور کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹس کوایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 25 ویں ترمیم 31 مئی کو صدر ممنون حسین کے دستخط کے بعد قانون کا حصہ بن گئی تھی۔

اس سے قبل 27 مئی کو خیبر پختونخوا کی اسمبلی میں اس بل کی توثیق کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 24 مئی کو فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضام کے حوالے سے31 ویں آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا جسے بھاری اکثریت سے منظورکرلیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ فاٹا اصلاحات بل کے تحت سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ کارقبائلی علاقوں تک بڑھایا جائے گا جبکہ ملک میں رائج قوانین پرفاٹا میں عملدرآمد ممکن ہوسکے گا۔

اس کے علاوہ ’ایف سی آر‘ قانون کا خاتمہ ہوجائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ صدرِ پاکستان اور گورنر خیبرپختونخوا کے خصوصی اختیارات بھی ختم ہوجائیں گے۔