سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے،جنرل زبیر

اسلام آباد:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ میرے نزدیک گرے زون ہائیبرڈ چیلنجز میں دہشت گردی ، مجرمانہ سرگرمیاں و دیگر طریقہ کار شامل ہیں، اس طرح کے طریقہ کار کے ذریعے اپنے مخصوص سیاسی و غیر سیاسی اہداف کو حاصل کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرے زون ہائیبرڈ حربی طریقہ کار میں مسلح تصادم کو استعمال کرکے اوراستعمال نہ کرتے ہوئے اپنے مقاصد کا حصول یقینی بنایا جاتا ہے، بسا اوقات اس حربی طریقہ کار میں سامنے آئے بغیرنامعلوم طریقہ کار سے دشمن پر ضرب لگائی جاتی ہے، اس میں دشمن کی نظریاتی،اصولی،روایتی،معاشرتی و معاشی بنیادوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1971 میں گرے ہائیبرڈ جنگی طریقہ کار زبان زد عام نہیں تھا تاہم اس کو مشرقی پاکستان میں ہمارے خلاف استعمال کیا گیا۔ ہماری سرحدوں کے قریب ہی دہشت گردوں کو تربیت فراہم کی گئی، گرے ہائیبرڈ جنگی طریقہ کار کو ایک مخصوص وقت تک محدود کرنا ضروری ہوتا ہے، دراندازی ، سائبر خطرات، مسلح افواج، ریاست اورریاستی اداروں پرعدم اعتماد کو اس طریقہ میں فروغ دیا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں گرے ہائیبرڈ جنگی طریقہ کار کا استعمال دشمن کی جانب سے جاری ہے، سوشل میڈیا کو غلط معلومات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، ریاست دشمن عناصر سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کو درپیش گرے ہائیبرڈ جنگی چیلنجز نئے نہیں ہیں، دشمن ہمسائِے ہمارے لئے سیکیورٹی چیلنجز کھڑے کرتے رہتے ہیں، پاکستان کو عالمی سطح پرتنہا کرنے کے لئے مہمات چلائی جا رہی ہیں
انھوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج اوراداروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے،اس کا ثبوت بعض سی پیک مخالف سرگرمیاں ہیں،دشمن کی جانب سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں اور پروپیگینڈا کیا جا رہا ہے،حال ہی میں میری جانب سے ایک ملک کو 12 منٹ میں تباہ کرنے کا دعویٰ ملک کی مقبول خبر بن گئی تھی حالانکہ میں اس روز روم میں تھا اور خبر بھی جعلی تھی،71 نیوزایجنسیاں اور ویب پورٹل پاکستان مخالف جنگ میں ملوث ہیں۔ ان میں زیادہ تر نیوز ویب پورٹل بھارت سے چلائے جا رہے ہیں ۔ پاکستان میں 4 نیوز پورٹل اور12 سوشل میڈیا یووزراس کو مزید پھیلا رہے ہیں۔