چینی ہیکرز نے امریکی بحریہ کا انتہائی حساس ڈیٹا چوری کرلیا

چینی ہیکرز نے امریکی بحریہ کی کئی حساس معلومات ہیک کرلیںجس میں زیرسمندر جنگی حرب سے متعلق معلومات بھی شامل ہیں۔
امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق چینی ہیکروں نے امریکی بحریہ کے آبدوزوں اور زیر سمندر استعمال ہونے والے اسلحے پر ریسرچ کرنے والے کنٹریکٹرز کو نشانہ بنایا اور کئی اہم معلومات چوری کرلیں جس میں 2020 تک آبدوزوں میں سپر سونک اینٹی میزائل کی تنصیب سے متعلق منصوبے کی معلومات بھی شامل ہیں اور اس منصوبے کو سی ڈریگن کا نام دیا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز نے سی ڈریگن منصوبے کی 614 گیگا بائٹ معلومات ہیک کیں جس میں سگنل اور سینسر ڈیٹا، سب میرن ریڈیو روم کی معلومات اور الیکٹرانک وار فیئر لائبریری کی معلومات بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیوی کی درخواست پر میزائل پروجیکٹ سے متعلق حساس معلومات شائع نہیں کی گئیں کیوں کہ ایسی معلومات شائع کرنا ملکی سالمیت کے لیے خطرے کا باعث ہوسکتی ہے۔
حکام کے مطابق نیوی نے ایف بی آئی کی مدد سے تحقیقات شروع کردیں تاہم ایف بی آئی نے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب پینٹاگون کے انسپکٹر جنرل آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع جم میٹس حساس نے نیوی کی حساس معلومات چوری ہونے سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد کنٹریکٹر کی سائبر سیکیورٹی پر نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔