نواز شریف کو وکیل مقرر کرکے کل تک عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران خواجہ حارث کی جانب سے وکالت نامہ واپس لینے کی وجہ سے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔سابق وزیراعظم نواز شریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر خواجہ حارث نے اپنا وکالت نامہ واپس لینےکی درخواست کرتے ہوئے عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز نواز شریف کے خلاف تینوں نیب ریفرنسز کا ٹرائل 6 ہفتوں میں مکمل کرنے سے متعلق ان کے موقف کو تسلیم نہیں کیا اور یہ ڈکٹیشن بھی دی کہ ایک ماہ میں ریفرنسز کا فیصلہ کریں، لہذا ان حالات میں وہ کام جاری نہیں رکھ سکتے۔
اس کے بعد خواجہ حارث احتساب عدالت سے روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر جج محمد بشیر نے نواز شریف سے استفسار کیا کہ آپ نیا وکیل رکھیں گے یا خواجہ حارث کو راضی کرلیں گے؟جس پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ مجھے مشورے کے لیے کچھ دن دیے جائیں۔
جس پر احتساب عدالت نے ملزم نواز شریف کو وکیل مقرر کرکے کل (12 جون) تک عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔