سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسین لونگ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم لی ہسیئن لونگ سے ملاقات کی ہے۔ امریکی صدر نے سنگاپور کے وزیراعظم کی میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاریخی ملاقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور امریکا و سنگاپور کے تعلقات میں مزید اسحتکام لانے کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا۔
قبل ازیں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے بھی سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسیئن لونگ سے ملاقات کی اور تاریخی سمٹ کی میزبانی پر سنگاپور کے کردار کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے امریکا و شمالی کوریا کی تاریخی ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر سنگاپور کے وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں کی سنگاپور آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تاریخی ملاقات کے حوالے سے امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان تاریخی ملاقات 12 جون کو سینٹاسو جزیرے کے لگژری ہوٹل کپیلا میں ہونے جارہی ہے جس کے لیے امریکی صدر اور شمالی کوریا کے سربراہ سنگاپور پہنچ چکے ہیں۔ اس تاریخی ملاقات میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے اور دونوں حریف ممالک کے مابین تعلقات بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔