اسلام آباد :مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ سیتا وائٹ سے عمران خان کی ناجائز بیٹی کے حوالے افتخار چوہدری کی عدالت میں درخواستوں کے باوجود عمران خان کو نااہل نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ ان کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ملنی چاہئے۔جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ مخالفین کے پاس عمران خان پر سیتا وائٹ جیسے گھٹیا الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں ہے اور افتخار چوہدری ایک پٹے ہوئے سیاستدان ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کو نا اہل نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ ان کو الیکشن میں حصہ لینے کاموقع ملنا چاہئے کیونکہ تحریک انصاف کے پاس عمران خان کے سوا اور کچھ ہے ہی نہیں ہے ۔ مسلم لیگ ن کے پاس پھر بھی خواجہ آصف ، سعد رفیق اور ان جیسے دوسرے رہنما موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کو کراچی کے الیکشن سے دستبردار اس لئے کروایا گیا ہے کہ ان کا پنجاب میں بہت کام تھا اور انہوں نے انتخابی مہم کی قیادت کرنی تھی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف کہتی ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ کے پاس بہت کم اختیارات ہوتے ہیں لیکن ایک کم اختیارات رکھنے والے نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی پر انہوں نے دھاندلی کاالزام لگادیاتھا ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کو نیشنل اسمبلی کی 100سے زائد نشستیں ملیں گی۔
اسی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ مخالفین کے پاس عمران خان پر سیتا وائٹ جیسے گھٹیا الزام لگانے کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ افتخار چوہدری ایک پٹے ہوئے سیاستدان ہیں اور بطور جج ان کی قلعی اس وقت کھل گئی تھی جب ان کے بیٹے پر لوٹ مار کے الزامات لگے ۔ ان کو پوچھتا کوئی نہیں ہے اس لئے انہوں نے سوچا ہوگا کہ شائد اس طرح کچھ اہمیت بنالوں یا ہوسکتا ہے کہ مسلم لیگ ن والے ان کو استعمال کر رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی کردار کشی کی کو شش ہے جوپہلی بھی ناکام ہوئی اوراب بھی ناکام ہوگی ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف الیکشن 2018میں قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی ۔