ملکی تاریخ کے پہلے نابینا سول جج کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری

 

لاہور:لاہور ہائی کورٹ نے امتحانی کمیٹی کی طرف سے مسترد کئے گئے نابینا وکیل اور6خواتین سمیت 20امیدواروں کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں دوبارہ انٹرویو لے کر سول جج مقرر کردیا ہے ۔

لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ دنوں سول ججوں کی بھرتیوں کے حوالے سے جوتقرریاں کی تھیں اس کے بعد بھی 20نشستیں باقی بچ گئی تھیں ۔اس حوالے سے سول جج کے نابینا امیدوار یوسف سلیم اور ایک خاتون امیدوار کی طرف سے چیف جسٹس پاکستان سے رجوع کیا گیا جنہوں نے لاہور ہائی کورٹ کو دوبارہ انٹرویو لینے کی ہدایت کی ،اب لاہور ہائی کورٹ نے ان امیدواروں کا دوبارہ انٹرویو لے کر پاس ہونے والے وکلاکی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جن لوگوں کا بطور سول جج تقرر کیا گیا ہے ان میں سردار عمر حسن خان، صباءقمر،نسیم اختر ناز ، مائرہ حسن ، قمر عباس، احسان نواز، محمد بلال، محمد عامر سلطان کلاچی ، سمیرا جبار، علی رضا، محمد بلال خان ،محمد طارق رشید قمر،عبید حسن ،ثناءافضل ، منصور احمد ،اللہ نواز،یوسف سلیم ، محمد زبیر صابر ،محمد جاوید اقبال اور شاہین نور شامل ہیں۔یوسف سلیم ملکی تاریخ میں پہلے نابینا سول جج ہوںگے۔