قرض معاف کرانے والے امیدواروں کے نام الیکشن کمیشن کو ارسال

 

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے نادہندگان اور قرضے معاف کرانے والے امیدواروں کے نام الیکشن کمیشن کو بھیج دیے۔ابتدائی فہرست میں سندھ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 9 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔فہرست میں تحریک انصاف کے فیصل واوڈا، پیپلز پارٹی کے پیر مظہر الحق اور جام اکرام اللہ کے نام شامل ہیں۔اس کے علاوہ ایم ایم اے کے اسداللہ بھٹو اور عرفان اللہ مروت ،متحدہ قومی موومنٹ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے امجد اللہ خان کا نام بھی قرضے معاف کرانے والوں میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق حنا ربانی کھر کے ذمے بینکوں کے 55 کروڑ روپے سے زائد، فیصل واوڈا کے ذمے 5 کروڑ 40 لاکھ روپے، ہارون بشیر بلور کے ذمے 5 کروڑ سے زائد اور اسد اللہ بھٹو کے ذمے 7 کروڑ روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔دوسری جانب این اے 205 سے امیدوار جام اکرام اللہ کے ذمے زرعی بینک کے 31 کروڑ اور ایک اور بینک کے 80 لاکھ روپے واجب الادا ہیں جبکہ این اے 88 سے امیدوار ہارون احسان پراچہ کے ذمے ساڑھے 7 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔امیداوروں کو ریٹرننگ افسران کے سامنے بینک قرضوں کی تمام تفصیلات پیش کرنا ہوں گی اور نادہندہ ہونے کی صورت میں امیدوار کو نا اہل قرار دیا جائے گا۔